خضدار(رپورٹ ای این آئی)جعلی تعلیمی اسناد کیخلاف بڑا ایکشن ، متعدد امیدواروں پر پابندی عائد
خضدار، 23 اکتوبر 2025:/ ضلع خضدار میں جعلی تعلیمی اسناد کے ذریعے ملازمت حاصل کرنے کی کوششوں کا بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق، متعدد امیدواروں کی پیش کردہ ڈگریاں اور سرٹیفکیٹس جعلی ثابت ہوئے ہیں۔ متعلقہ تعلیمی اداروں سے تصدیق کے بعد معلوم ہوا کہ ان اسناد کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، جس پر جعلی اسناد پیش کرنے والے امیدواروں پر پانچ سال کے لیے نوکریوں کے حصول پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔جعلی اسناد پیش کرنے والے امیدواروں کی تفصیلات شہباز نیاز: جعلی ڈگری بی ایڈ (2023)، سیٹ نمبر 552
– ابرار اللہ: جعلی ڈگری بی ایڈ (2025)، سیٹ نمبر 550
– بی بی کلثوم: جعلی ڈگری بی ایڈ (2025)، سیٹ نمبر 573
– فرزانہ شریف: جعلی ڈگری بی ایس (2020)، سیٹ نمبر 65
– احسان اللہ: جعلی ڈگری بی ایڈ (2025)، سیٹ نمبر 2187
– تنویر احمد: جعلی ڈگری اے ڈی ای (2021)، سیٹ نمبر 583
– کوثر: جعلی ڈگری اے ڈی ای (2024)، سیٹ نمبر 516
– عابدہ: جعلی ڈگری اے ڈی ای (2019)، سیٹ نمبر 559
– محمد طارق: جعلی ڈگری سی ٹی، سیٹ نمبر 119
– مہوش: جعلی ڈگری اے ٹی سی، سیٹ نمبر 290
ان امیدواروں نے ٹیچنگ ملازمتوں کے حصول کے لیے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور، انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ لاڑکانہ، اور انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ حیدرآباد سے جاری کردہ ڈگریاں پیش کی تھیں۔ تاہم، ضلعی انتظامیہ خضدار اور محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے ان اداروں سے رابطہ کرنے پر تصدیق ہوئی کہ مذکورہ افراد کا کوئی تعلیمی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے نہ صرف ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہے بلکہ حکام بالا سے درخواست کی ہے کہ جعلی اسناد پیش کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ محکمہ ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق، ایس بی کے کے تحت ٹیچنگ ملازمت حاصل کرنے والے دیگر افراد کی اسناد کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ متعلقہ اداروں سے ریکارڈ کی تصدیق کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ تعلیمی اسناد کی جعلسازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور حقدار امیدواروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
