ڈیرہ غازی خان (ڈاکٹر بلال لودھی) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجادحسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد۔ صوبہ سندھ اوربلوچستان سے ملحقہ ٹرائی بارڈر ایریا میں سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ،سخی سرور تا بواٹا نیشنل ہائی وے پر سکیورٹی اقدامات کو مزید بہتر کرنے اور رینجرز تعیناتی کا فیصلہ ۔بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی اور قانون نافد کرنے والے اداروں کے درمیان بروقت معلومات کے تبادلہ کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجادحسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں جملہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران ، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران ضلع راجن پور میں صوبہ سندھ، بلوچستان سے ملحقہ ٹرائی بارڈر اور ضلع ڈیرہ غازی خان میں خیبر پختونخواہ ، بلوچستان سے ملحقہ ٹرائی بارڈر ایریاز میں پنجاب پولیس ،بارڈر ملٹری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لے کر پیش آمدہ خطرات کے پیش نظر بواٹا تا سخی سرور نیشنل ہائی وے پر سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کرنے اور بارڈر ملٹری پولیس کے ہمراہ رینجرز کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔اجلاس کے دوران ریجن میں لاء اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بین الصوبائی و بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر فول پروف سکیورٹی اور سخت چیکنگ سمیت تمام داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی معلومات کے تبادلے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ہدایات جاری کیں کہ جملہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران تھریٹ الرٹس،پیش آمدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں اور غیرملکی شہریوں، بین الصوبائی چیک پوسٹوں سمیت دیگر حساس مقامات و اہم تنصیبات کے سکیورٹی اقدامات کا آن گراؤنڈ خود معائنہ کریں۔ غیر ملکی شہریوں کی نقل وحرکت کے دوران ایس او پی کو مکمل فالو کیا جائے۔ مشکوک اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے ۔نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے وال چاکنگ،لاوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی،کرایہ داری ایکٹ،ناجائز اسلحہ اورسکیورٹی ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر زیادہ سے زیادہ کاروائی کی جائے ۔ جرائم پیشہ گینگز کے خاتمہ اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کےلیے دیگرقانون نافد کرنے والے اداروں کے ساتھ بروقت معلومات ۔