اسلام آباد : اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ڈی چوک میں احتجاج کے دوران سیکیورٹی اقدامات کے تحت دارالحکومت آنے والے تمام اہم راستے سیل کر دیے، جس سے راولپنڈی کا اسلام آباد سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ احتجاج کے دوران برہان انٹرچینج، فیض آباد اور ڈی چوک پر پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں پر شیلنگ کرتے ہوئے متعدد کو گرفتار کرلیا۔
احتجاج کے پیش نظر شہر کے مختلف مقامات پر کنیٹنرز اور ٹرک لگا کر راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ اہم مقامات پر پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ چیرنگ کراس، ایم ایچ چوک صدر، اور مری روڈ سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔
احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروس بھی معطل کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں خصوصاً ملازمت پیشہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پولیس کے مطابق ریڈ زون میں داخلے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ کھلا ہے جبکہ دیگر تمام راستے مکمل طور پر بند کیے گئے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس ہر وقت مستعد ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہیں۔