سرگودہا (ای این آئی)سرگودھا
رحمت للعالمین ، خاتم النبیین رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کا جشن ڈویژن بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے جامعہ مسجد حامد علی شاہ اور جامعہ مسجد عزیزیہ واٹر سپلائی روڈ سے دعوت اسلامی کے برآمد ہونے والے جلوسوں میں شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر جہانزیب اعوان ، ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی و دیگر انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے مختلف مقامات پر جلوسوں کے شرکاءکا استقبال کیا اور ان میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مٹھائی اور مشروبات پیش کیے۔ صوبائی وزیر انتظامی افسران کے ساتھ جلوس کے ساتھ چلتے رہے اور درود و سلام کی صدائیں بلند کرتے رہے۔ انہوں نے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ، سیکورٹی اور ٹریفک معاملات کا بھی جائزہ لیا ، منتظمین سے ملاقات کی اور انہیں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک باد دی۔ جلوسوں میں ممبران امن کمیٹی سمیت تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اور دیگر شعبہ زندگی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منتظمین نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر اظہارِ اطمینان کیا اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او ڈاکٹر محمد اسد ملہی کی کاوشوں کو سراہا۔ جلوسوں کے شرکاءکی جانب سے درود وسلام سے سماں پر نور ہوگیا۔
صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رہنما اصولوں پر عمل کرنے میں ہی نجات ہے۔ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا مقصد نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت و عقیدت کا اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے پہلے چارٹر کی بنیاد نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خطبہ الوداع کی صورت میں رکھی۔ آپ ص کی تعلیمات میں کوئی طبقہ ایسا نہیں جس کے لیے ضابطہ اخلاق مرتب نہیں کیا گیا۔ آپ ص نے تمام شعبہ زندگی کے ساتھ چلنے کا طریقہ بتایا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے میلاد جلوسوں کی سیکورٹی و مانیٹرنگ کے لیے قائم ضلعی کنڑول روم کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا جلوسوں کی کلوز سرکٹ کیمروں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔چاروں اضلاع میں 302 جلوس نکالے گئے۔ ڈویژن بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ جلوس و محافل کی سیکورٹی پر 5 ہزار 814 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے۔