ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے ننکانہ سٹی ، موڑ کھنڈا اور منڈی فیض آباد کو ناجائز تجاوزات سے پاک کر دیا ہے ، 50 سال سے قائم ناجائز تجاوزات کو ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کاوشوں سے ہٹایا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ ننکانہ کی جانب سے موڑ کھنڈا اور منڈی فیض آباد میں ماڈل ریڑھی بازار قائم کر دیے گئے ، ماڈل ریڑھی بازار کے قیام سے شہر خوبصورتی کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے باقی تمام شہروں اور قصبوں میں ریڑھی بازاروں کے لیے جگہ مختص کر دی گئی ہے ، آئندہ ہفتے تک ہر شہر اور قصبے میں ریڑھی بازار قائم کر دیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں سروس روڑز ، فٹ پاتھ کو شہریوں کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن پر شہریوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ، شہریوں نے قابضین سے سروس روڑز اور فٹ پاتھ واگزار کروانے پر وزیر اعلی اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ کو دعائیں بھی دیں۔شہریوں نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے پیدل چلنا محال ہو گیا تھا ، تجاوزات کا خاتمہ ضلعی انتظامیہ کا بہت اچھا اقدام ہے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل سانگلہ ہل ، شاہکوٹ ، بچیکی اور سیدوالہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری ہے ، دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو وارننگ دے دی گئی ہے ، خلاف ورزی پر انتظامیہ کا سخت ایکشن ہو گا ، دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو بھاری جرمانوں ، کاروبار سیل سمیت جیل جانا پڑے گا۔