منڈی بہاوالدین، ( میاں شریف زاہد ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ستھرا پنجاب پروگرام ضلع منڈی بہاءالدین میں کامیابی سے جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز، لوکل گورنمنٹ، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز کے افسران ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں شہروں، قصبوں سمیت دیہاتوں کو صاف ستھرا بنانے کے لیے فیلڈ میں مسلسل متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے صفائی ستھرائی کے عمل کا جائزہ لینے کے حوالے سے یونین کونسل رسول کا دورہ کیا اور متعلقہ افسران و عملہ کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ صاف ستھرا ماحول ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ عوام الناس کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے کیلئے تمام مشینری و عملہ متحرک ہے، شہر اور دیہاتوں کی سڑکوں، گلیوں، محلوں اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہری و دیہاتی علاقوں میں یکساں صفائی ،نکاسی آب ،کوڑاکرکٹ، کھلے مین ہولز، آوارہ کتوں کی تلفی، سٹریٹ لائٹس آپریشنل، خستہ حال روڈز، سٹریٹ کا پیچ ورک اور گلیوں، بازاروں میں بارش یا سیوریج کے پانی کے فوری نکاس کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام سے شہری و دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔