حیدرآباد(رپورٹ عمران مشتاق)
میئر حیدرآباد کاشف علی شورو اور ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے آج بارش کے بعد شہر کے مختلف پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور برساتی پانی کی نکاسی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ صبح سویرے ہونے والی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا تھا، جس کے بعد میئر اور ڈی سی نے فوری طور پر پمپنگ اسٹیشنز کا جائزہ لیا ۔
دورے کے دوران لطیف آباد، شاہ لطیف ٹاؤن، حسین آباد، سچل سرمست، قاسم آباد اور میاں سرفراز ٹاؤن کے پمپنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا گیا۔ میئر کاشف علی شورو نے کہا کہ شہر کے تمام متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا گیا ہے اور پانی کی نکاسی کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر علاقوں سے پانی نکل چکا ہے، تاہم کچھ نشیبی مقامات پر اب بھی پانی جمع ہے، جہاں نکاسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مستعد رہیں اور شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد ہنگامی بنیادوں پر کام کیا گیا ہے اور جلد ہی تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کر لیا جائے گا۔
