حیدرآباد(رپورٹ عمران مشتاق) وزیر آبپاشی جام خان شورو اور سیکریٹری آبپاشی ظریف اقبال کھیڑو نے ضلع مٹیاری کے علاقے بھانوٹ میں دریائے سندھ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے چیف انجینئر منصور میمن، ایم ڈی سیڈا پریتم داس سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے بعد وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ سندھ حکومت نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائے سندھ کی پشتوں پر حفاظتی انتظامات تیز کرتے ہوئے تمام فیلڈ افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ دریا کے بندوں کی مسلسل دن رات نگرانی اور مضبوطی کو یقینی بنایا جائے، اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں، تاکہ عوامی مفاد میں سیلابی پانی کا محفوظ اخراج یقینی بنایا جا سکے۔ اس سے ایک روز قبل سیکریٹری آبپاشی ظریف اقبال کھیڑو اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے ٹنڈو محمد خان کے مقام پر حاجی پور میں دریائے سندھ کا معائنہ کیا، جہاں ظریف اقبال کھیڑو نے متعلقہ عملے کو پشتے مزید مضبوط کرنے کی ہدایت دی۔