رپوٹ مجاھد عزیز
ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ آم اس خطے کی پہچان اور معاشی اہمیت کا حامل پھل ہے، جس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے اس نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آم کی پیداوار نہ صرف مقامی معیشت کا ایک بڑا ذریعہ ہے بلکہ اس کے معیار کو بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مٹیاری کی ہنڈی کرافٹس صدیوں پر محیط ایک عظیم ثقافتی ورثہ ہیں، جنہیں عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ایسے پلیٹ فارمز ضروری ہیں تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ سندھ کے لوگ کس قدر باصلاحیت اور ہنرمند ہیں۔
ان خیالات کا اظہار اُنہونے ایچ ٹی سورلی ہال، بھٹ شاہ میں منعقدہ دوسرے آم و ہنڈی کرافٹس ایکسپو 2025 کا پہلے دن پر افتتاحی تقریب کے دوران کیا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے ربن کاٹ کر کیا۔جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے نمائش میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا اور کاریگروں، کسانوں اور دستکاروں کی محنت و صلاحیت کو سراہا۔
اس موقعے پر مختلف اسکولوں کے بچوں نے رنگا رنگ اور ثقافتی رنگوں سے بھرپور ٹیبلو پیش کیے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون مٹیاری نور احمد کھہرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو اقراء جنت، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد عبد الشکور سولنگی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رفیق جمالی، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (پرائمری) صدف اکبر میمن، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نجمہ ہالیپوٹو، اور ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس جلال باٹی سمیت ضلع مٹیاری کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔