
کراچی : رپورٹ ( محمد حسین سومرو) ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کی زیرِ صدارت ہفتہ وار اینٹی کرائم میٹنگ ہوئی، جس میں اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں۔
ایس ایچ او تھانہ کورنگی، انسپکٹر محمد علی نیازی اور ان کی ٹیم کو بدنامِ زمانہ ڈکیت جنید بنگالی عرف فرعون کے خلاف کامیاب کارروائی پر ایک لاکھ روپے نقد انعام اور سی سی ون کی سفارش کی گئی۔ ہلاک ملزم جنید بنگالی کے خلاف 20 سے زائد سنگین مقدمات کا ریکارڈ موجود تھا۔
میٹنگ میں تمام تھانوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسٹریٹ کرائم، منشیات، گٹکا ماوا فروش گروہوں، آرگنائزڈ کرمنلز اور مفرور و اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری کارروائیوں کا فرداً فرداً جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی نے ایس ایچ اوز کو ہدایت دی کہ منشیات اور جوا سٹہ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے، مفرور و اشتہاری ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، موٹر سائیکل چوری اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث گینگز کو ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے، جبکہ اسنیپ چیکنگ، ٹارگٹڈ ریڈز اور کومبنگ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھے جائیں۔ تھانوں میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی اور شفاف رویہ اپنانے کی بھی سختی سے ہدایت کی گئی۔
ایس ایس پی کورنگی نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔
