
کھاریاں (شاہد بیگ سے)
انجمن تاجران کے انتخابات کے حوالے سے تاجر تحفظ گروپ کے اراکین نے کھاریاں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح اعلان کیا کہ وہ ایسے کسی بھی الیکشن کا حصہ نہیں بنیں گے جس میں شفافیت نہ ہو۔پریس کانفرنس میں گفتگو کے دوران تاجر تحفظ گروپ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ انجمن تاجران کے انتخابات میں الیکشن بورڈ کا کردار مشکوک ہے اور موجودہ صورتحال میں ہونے والے انتخابات کو وہ فراڈ الیکشن قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر شفاف ووٹر لسٹوں اور قابلِ اعتماد الیکشن بورڈ کے کسی بھی انتخابی عمل کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پہلے ووٹر لسٹوں کی مکمل تصدیق اور درستگی کی جائے اور ایک غیر جانبدار الیکشن بورڈ تشکیل دیا جائے، اس کے بعد ہی انتخابات کروائے جائیں۔ بصورتِ دیگر تاجر تحفظ گروپ نہ صرف الیکشن سے بائیکاٹ کرے گا بلکہ تاجر برادری کو بھی اس عمل کا حصہ نہ بننے کی اپیل کرے گا۔
