
کراچی : ( رپورٹ : محمد حسین سومرو) ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے تھانہ نارتھ ناظم آباد میں کمیونیٹی پولیسنگ کراچی (CPK) کے تعاون سے قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ماڈل تھانے کے مختلف شعبہ جات بشمول رپورٹنگ روم، وومن ڈیسک، لاک اپ اور دیگر رومز کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی ویسٹ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران، کمیونیٹی پولیسنگ کراچی کے چیف مراد سونی، ان کی ٹیم اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
چیف کمیونیٹی پولیسنگ کراچی مراد سونی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے قیام، اس کی افادیت اور جرائم کی روک تھام میں اس کے مؤثر کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور پولیس کے ساتھ مل کر شہر میں امن و امان کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔
بعدازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس اسٹیشن جوہرآباد پہنچے جہاں انہوں نے 150 کیمروں پر مشتمل نئے قائم کیے گئے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کمیونیٹی پولیسنگ کراچی کے چیف اور ان کی ٹیم کی جانب سے شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور پولیس کے ساتھ مؤثر باہمی تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ کمیونیٹی پولیسنگ کراچی (CPK) کے تعاون سے جدید ٹیکنالوجی اور نظام کے مؤثر استعمال کے باعث جرائم کی روک تھام اور فوری رسپانس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
