
کراچی :(رپورٹ محمد حسین سومرو) ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کے احکامات کی روشنی میں کراچی پولیس کی انسدادِ جرائم کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔
گزشتہ ہفتے کے دوران شہر بھر میں انسدادِ جرائم کے دوران ڈاکوؤں سے ضلعی پولیس کے 32 مقابلے ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 11 ملزمان ہلاک، 27 زخمی جبکہ مجموعی طور پر 46 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 47 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 15 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
کراچی پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں مجموعی طور پر 796 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری مہم اور پولیس مقابلوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 31 کلو 871 گرام چرس اور 04 کلو 957 گرام آئس/کرسٹل برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر جرائم میں استعمال ہونے والا 125 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی اور چوری شدہ 25 موٹر سائیکلیں اور 02 بڑی گاڑیاں بھی برآمد کیں۔
کراچی پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
