
کراچی:( رپورٹ:محمد حسین سومرو) کے علاقے نیٹی جیٹی پل پر تیز رفتار ٹرالر کی بے رحمی نے رنچھوڑ لائن کے ایک ہی خاندان کے تین چراغ گل کر دیے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ سکندر، ان کی اہلیہ سکینہ اور محض 3 سالہ معصوم بچہ قاضیان شامل ہیں۔ یہ اندوہناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب صدر میں گارمنٹس کی دکان پر ملازمت کرنے والا سکندر اپنے اہلخانہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ حادثے کے بعد سفاک ڈرائیور ٹرالر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ سڑک پر لاشیں بکھری دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ رنچھوڑ لائن میں پورے خاندان کا جنازہ ایک ساتھ اٹھنے پر کہرام مچ گیا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ شہر کی شاہراہوں پر یہ بھاری ٹریفک اور تیز رفتاری کب تک معصوم جانیں لیتی رہے گی؟ سسکتے ورثاء اب انصاف کے منتظر ہیں۔
