بینکوں کے خلاف شکایات پر اسٹیٹ بینک کی سخت کارروائی کی یقین دہانی، اور چیمبر میں آگاہی سیشنز کا اعلان: شان سہگل
حیدرآباد ( ) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی جانب سے کاروباری اکاؤنٹس میں بلاجواز اور غیر معینہ مدت تک رقوم روکنے کے سنگین مسئلے پر بھرپور فالو اپ کے نتیجے میں چیمبر کے نائب صدر شان سہگل نے اسسٹنٹ مینیجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان،حیدرآباد، عادل ظہور سے ملاقات کی تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر نائب صدر شان سہگل نے واضح کیا کہ بینکوں کی جانب سے بغیر تحریری وجہ، ضابطہ جاتی حوالہ اور واضح ٹائم لائن کے کاروباری رقوم کو ہولڈ کرنا نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ بنتا ہے بلکہ تاجروں کو شدید مالی دباؤ، کیش فلو کے مسائل اور عدم اعتماد کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اسسٹنٹ مینیجرعادل ظہور نے نائب صدر کو یقین دہانی کرائی کہ ایسی شکایات کا سخت نوٹس لیا جائے گا اور اگر کوئی کمرشل بینک قصوروار پایا گیا تو اس کے خلاف ضابطے کے مطابق سخت کارروائی اور جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سیکریٹریٹ میں اسلامی بینکاری، AML/CTF آگاہی اور دیگر اہم بینکاری موضوعات پر خصوصی سیشنز کا انعقاد کریں تاکہ تاجروں کو قواعد و ضوابط سے بہتر طور پر آگاہ کیا جا سکے۔شان سہگل نے اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے لین دین سے متعلق مسائل کے حل کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور جائز کاروباری رقوم کو غیر ضروری تاخیر سے محفوظ رکھا جائے۔انہوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد چیمبر اپنے اراکین کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن فورم پر مؤثر آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسٹیٹ بینک کی یقین دہانیوں پر فوری عملدرآمد سے تاجروں کے مسائل حل ہوں گے، کاروباری اعتماد بحال ہوگا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
