
راولپنڈی: ( رپورٹ:محمد حسین سومرو) 02 فروری، 2026: ( آئی ایس پی آر) کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز (ANF)، ریئر ایڈمرل شاہین ممدوف نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایڈمرل نوید اشرف، NI, NI (M), T Bt، چیف آف دی نیول اسٹاف سے ملاقات کی۔
آمد پر کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز کا چیف آف دی نیول اسٹاف نے استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس کے بعد معززین نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال اور تربیت اور دفاع میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کے دائرہ کار کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کا عہد کیا۔ بعد ازاں معزز مہمان کو پاک بحریہ کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو قریبی بحری تعاون پر مبنی ہیں۔ کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
