جنرل رپورٹر محسن علی لاشاری ۔رپورٹ کے مطابق آئی جی پی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا جامشورو کا دورہ، سیہون شریف میں درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ پر حاضری، بہترین کارکردگی پر پولیس افسران کو تعریفی اسناد
جامشورو: انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جناب جاوید عالم اوڈھو جامشورو پہنچے جہاں انہوں نے سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور ملک کی سلامتی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔
آئی جی پی سندھ نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس مبارک کے موقع پر بہترین سیکیورٹی انتظامات اور شاندار کارکردگی پر ڈی آئی جی حیدرآباد رینج جناب طارق رزاق دہاریجو، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا اور ان کی پوری ٹیم کو تعریفی اسناد سے نوازا۔
اس موقع پر آئی جی پی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ بلوچستان کے افسوسناک واقعے کے بعد یہ عرس ایک بڑا سیکیورٹی چیلنج تھا، تاہم سندھ پولیس نے بہترین پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے سندھ پولیس کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عرس مبارک کے کامیاب انعقاد پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
انہوں نے دادو کے افسوسناک واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
آئی جی پی سندھ نے مزید کہا کہ سندھ پولیس کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کیا جائے گا۔ انہوں نے جامشورو پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ضلع سے جرائم کے ساتھ ساتھ منشیات کا بھی مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
آخر میں آئی جی پی سندھ نے جامشورو پولیس کو بہترین سیکیورٹی انتظامات اور عوام کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دینے پر شاباش دی۔
