
کراچی:( رپورٹ : محمد حسین سومرو) کیماڑی ماڑی پور پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر اہم کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے والے تین رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔ یہ بات ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ نے بتائی۔
ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین پستول، چھینے گئے موبائل فون اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ برآمد ہونے والی موٹر سائیکلوں میں سے ایک موٹر سائیکل تھانہ پاکستان بازار کی حدود سے چھینی گئی تھی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت جاوید، نبیل اور سمیر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان اے ٹی ایم اور بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کی پہلے ریکی کرتے تھے، جس کے لیے ان کا ایک ساتھی بینک کے اندر کیش کاؤنٹر پر شہریوں پر نظر رکھتا تھا۔ شہری جیسے ہی رقم لے کر بینک سے باہر نکلتا، ملزمان اسے کچھ فاصلے پر لوٹ لیتے تھے۔
ایس ایس پی امجد احمد شیخ نے بتایا کہ ملزمان نے غیر ملکی شہری نیتھن گولڈ برگ اور اس کے کار ڈرائیور کو بھی لوٹ مار کا نشانہ بنایا تھا، جن سے موبائل فون، کیمرہ اور 2500 امریکی ڈالر چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ اس واقعے کا مقدمہ 5 جنوری کو تھانہ ماڑی پور میں غیر ملکی شہری کے دوست ظفر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 19 جنوری کو سعیدآباد کے علاقے میں بھی ملزمان نے بینک سے رقم نکالنے والے ایک شہری کو لوٹا تھا، جس سے 3 لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون چھینے گئے تھے۔ ملزمان کی واردات کی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے متعدد ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ملزمان 6 سے زائد ڈکیتی، لوٹ مار اور اسلحہ کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ماڑی پور میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
