
کراچی 🙁 رپورٹ: محمد حسین سومرو) کاٹھور کے قریب ایم نائن موٹروے پر آئل ٹینکر اور مسافر بس میں حادثہ
کاٹھور کے قریب M-9 Motorway پر آئل ٹینکر اور مسافر بس کے مابین پیش آنے والے حادثے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، جناب مظہر نواز شیخ نے متعلقہ ٹریفک پولیس حکام اور کراچی روڈ ایکسیڈنٹ اینالسس ٹیم (کراٹ) کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے جائے حادثہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کو فوری طور پر محفوظ بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
آئل ٹینکر سے تیل کے ممکنہ اخراج اور اس سے وابستہ خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے تمام ضروری حفاظتی اور احتیاطی اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مزید برآں، ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایمبولینسز اور ریسکیو عملے کی بروقت اور بلا تعطل رسائی یقینی بنانے کے لیے شاہراہ کو فوری طور پر کلیئر رکھا جائے۔ عوام الناس کی سہولت اور ٹریفک کے بہتر بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
شہریوں سے گزارش ہے کہ مذکورہ مقام کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
