
کراچی : ( رپورٹ: محمد حسین سومرو) ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جناب مظہر نواز شیخ سے سندھ تاجر اتحاد کے صدر محمد شریف اور بولٹن مارکیٹ کے وائس پریزیڈنٹ شکیل میمن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مارکیٹ ایریاز میں ٹریفک سے متعلق درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کو آگاہ کیا کہ رمضان المبارک کے دوران مارکیٹوں میں خریداروں کے رش کے باعث ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہو جاتا ہے، لہٰذا ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کہا کہ مارکیٹ ایریاز میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے تجاوزات قائم نہ ہونے دیں، غیر قانونی پارکنگ کی حوصلہ شکنی کریں اور فٹ پاتھوں و سروس روڈز کو ہر صورت کلیئر رکھنے میں کردار ادا کریں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے تاجر برادری کے مثبت اور تعمیری تعاون کو سراہا اور وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو بغور سنا۔ انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ حل طلب امور کے فوری اور مؤثر حل کو یقینی بنایا جائے۔
مزید برآں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔
