ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو کے احکامات اور ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی ہدایت پر حیدرآباد پولیس ملازمین کے لیے منہ کے کینسر (اورل کینسر) سے متعلق ایک آگاہی سیشن کا انعقاد واحد بخش آڈیٹوریم ہال، حیدرآباد میں “دی جا اینڈ فیس اکیڈمی” کی جانب سے کیا گیا*
اس سیشن کی قیادت ڈاکٹر ارسلان محمود، سربراہ شعبہ اورل اینڈ میکزیلو فیشل سرجری (OMFS)، ہاشم ہسپتال حیدرآباد نے کی۔
آگاہی سیشن کا مقصد پولیس افسران اور اہلکاروں میں منہ کے کینسر کی وجوہات، ابتدائی علامات، بچاؤ کی تدابیر اور جدید علاج سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا تاکہ بروقت تشخیص اور علاج کو ممکن بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر ارسلان محمود کے ہمراہ ڈاکٹر بختاور ارسلان، ڈاکٹر سعد بلوچ، ڈاکٹر زوریز، ڈاکٹر فلزا، ڈاکٹر جمیل، ڈاکٹر عمار اور ٹیکنیشنز پر مشتمل ٹیم نے سیشن میں شرکت کی اور شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹر محمد بخش خاصخیلی، ڈی ایس پی صغیر حسین مغیری، آر آئی ہیڈکوارٹر انسپکٹر سلمان مبین، ویلفیئر انچارج انسپکٹر صادق الاسلام سمیت دیگر افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔
ماہرین نے شرکاء کو تمباکو نوشی، گٹکا، پان اور دیگر مضر صحت اشیاء کے استعمال کے نقصانات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ منہ کے کینسر کی بروقت تشخیص زندگی بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
سیشن کے اختتام پر پولیس افسران اور اہلکاروں کا مفت طبی معائنہ بھی کیا گیا۔
حیدرآباد پولیس میں اس قسم کے آگاہی پروگرامز کا مقصد پولیس ملازمین میں صحت سے متعلق شعور بیدار کرنا اور مہلک بیماریوں کی بروقت تشخیص کو فروغ دینا ہے
