
حیدرآباد رمضان المبارک کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں کے علاوہ حیسکو، سوئی گیس، واسا، لوکل گورنمنٹ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو ہدایت کی کہ وہ قیمتوں کے کنٹرول کو انتہائی سنجیدگی سے لیں اور روزانہ دو مرتبہ منڈیوں کا دورہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہنگائی اور منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا بالخصوص پھلوں کی قیمتوں اور تربوز کے نرخ مقررہ فہرست کے مطابق برقرار رکھے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ مساجد میں پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ حیسکو کو سحری اور افطاری کے اوقات میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسی طرح سوئی گیس حکام کو بھی گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کا کہا گیا۔
انہوں نے ٹاؤن انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ تراویح کے بعد گھروں کو لوٹنے والے شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ اس کے علاوہ پولیس کو ہدایت دی گئی کہ بالخصوص آخري عشرہ کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
