

کراچی ( رپورٹ: محمد حسین سومرو) ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے رمضان المبارک کے دوران ناظم آباد کے علاقے میں ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران اور جوانوں کے ہمراہ افطار کیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے تھانہ ناظم آباد کی حدود مین روڈ ناظم آباد 7 نمبر اسٹاپ پر سیکیورٹی و اسنیپ چیکنگ ڈیوٹی انجام دینے والے افسران و جوانوں کے ساتھ روزہ افطار کیا اور ان سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل، ڈیوٹی کے اوقات کار اور رمضان المبارک کے دوران درپیش امور کے حوالے سے گفتگو کی۔
انہوں نے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داری، جذبۂ خدمت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں فرائض کی انجام دہی قابلِ تحسین ہے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے ، اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے گشت میں اضافہ کیا جائے اور شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔

