
کراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پرکارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے شیر پاؤ کالونی سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “عامری ڈکیت گروہ” سے تعلق رکھنے والے 4 ملزمان عمران عرف مچھڑ ولد سلطان خان، غفران ولد سید فضل مستان شاہ، نذیر ولد کھمبیر جوکھیو اور محمد ذیشان اعوان ولد محمد ارضم کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 9 ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن، 1عدد موٹرسائیکل، 3 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں گلستان جوہر، لیاقت آباد، گلشن حدید، گلشن اقبال، شاہراہ فیصل، طارق روڈ، اسٹیل ٹاؤن، ملیراورشاہ لطیف ٹاؤن میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
گرفتار ملزم عمران عرف مچھڑ ڈکیتیوں میں اسلحے کے زور پر تقریباً 47 ملین روپے کے علاوہ جیولری کی دکان سے ڈھائی کلو سونا اور 800 سے زائد موبائل فونز چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ ملزم غفران نے کراچی کے علاقے 89 موڑ لانڈھی میں ایک شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔
گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔۔
