

کراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے شریف آباد تھانے میں نوجوان پر مبینہ تشدد کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پانچوں اہلکاروں کو معطل کرکے کلوز کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے ایس ڈی پی او لیاقت آباد کو واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کا حکم دیا گیا تھا۔ ابتدائی انکوائری رپورٹ میں شاہین فورس کے چار اہلکاروں اور شریف آباد تھانے کے سنتری کو تشدد میں ملوث پایا گیا۔
پانچوں اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرکے کلوز کردیا گیا ہے جبکہ مزید محکمانہ انکوائری جاری ہے۔ انکوائری مکمل ہونے کے بعد ذمہ داران کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے ساتھ غیر قانونی اور غیر اخلاقی رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
