حیدرآباد(بیورو رپورٹ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر اسرائیل و امریکہ کے حملے کے خلاف ملتِ جعفریہ کی جانب سے حسینی مسجد ٹنڈوجام سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے ٹنڈو جام پریس کلب کے سامنے مرکزی شاہراہ پر دھرنا دے کر سڑک بلاک کر دی اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج کی قیادت شیعہ علماء کونسل کے صوبائی رہنما مولانا محمد علی جروار، ضلعی صدر مولانا حزب اللہ بھٹو، تحصیل صدر مولانا ارشاد حسین مظاہری، مولانا فدا حسین، مولانا ارشاد فائزی، سید جمن شاہ اور آغا ریاض ساجدی کر رہے تھے۔ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت سینکڑوں بے گناہ افراد کو شہید کیا اور کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو
مجروح کیا ہے، آیت اللہ خامنہ ای ایک بہادر شخصیت تھے جنہوں نے ظالم قوتوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے شہادت قبول کی، جبکہ مسلم ممالک کی خاموشی افسوس ناک ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل اور امریکہ فوری طور پر ایران پر حملے بند کریں .
