
کراچی:(رپورٹ: محمد حسین سومرو) ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے یومِ علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف علاقوں میں امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اثناء عشری اور بابِ فاطمہ امام بارگاہ سمیت دیگر مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
یومِ علیؓ کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے 5 تھانوں کی حدود میں جلوس اور مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جلوس رضویہ سوسائٹی، گلبہار، سپر مارکیٹ، شاہراہِ نور جہاں اور انچولی سے برآمد ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت 1400 سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ جلوس اور مجالس کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے ڈی آئی بی انچارج اور دیگر فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس، امام بارگاہوں اور اطراف میں مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہا جائے۔
