
کراچی: ( رپورٹ: محمد حسین سومرو) ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس ڈی پی او گلبرگ منیشاء روپیتا کی نگرانی میں تھانہ سمن آباد پولیس نے واٹر پمپ چورنگی کے علاقے میں چیکنگ اور کارروائی عمل میں لائی۔
کارروائی کے دوران سمن آباد پولیس نے 14 گاڑیوں کے کالے شیشوں پر لگے پیپر موقع پر ہی ریموو کیے جبکہ ایک گاڑی کو فینسی نمبر پلیٹ کے استعمال پر تھانے منتقل کر دیا گیا اور اس کی فینسی نمبر پلیٹ قبضہ پولیس میں لے لی گئی۔ اس دوران متعدد گاڑیوں کو چیک بھی کیا گیا اور ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کالے شیشوں، فینسی نمبر پلیٹس اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔
