حیدرآباد۔۔ حیسکو کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بھی گھریلو صارفین پر ڈیٹیکشن کی بھرمار
حیدرآباد میں حیسکو کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بھی گھریلو صارفین پر ڈیٹیکشن لگانے کی پالیسی شروع کر دی گئی، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔شہریوں کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گھریلو صارفین کو “سلو میٹر” کا جواز بنا کر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں، جس سے عام صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ بغیر مناسب تحقیقات کے بلوں میں بھاری ڈیٹیکشن ڈال دی جاتی ہیں۔گھریلو صارفین نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور صارفین پر لگائے گئے غیر ضروری ڈیٹیکشن ختم کیے جائیں تاکہ شہریوں کو مزید مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں اضافی جرمانے عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
