
کراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) ضلع کورنگی میں ہفتہ وار کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس کی صدارت ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے کی۔ میٹنگ میں ضلع بھر کی امن و امان کی صورتحال اور تمام تھانوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی نے اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، گٹکا و ماوا کی ترسیل، موٹر سائیکل چوری، اشتہاری و مفرور ملزمان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔
انہوں نے سنیپ چیکنگ، ٹارگٹڈ کارروائیوں اور کومبنگ آپریشنز کو باقاعدگی سے جاری رکھنے، جبکہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شفافیت اور تعاون پر مبنی رویہ اپنانے کی بھی ہدایت کی۔
ایس ایس پی کورنگی نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
