
کراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے اعلیٰ حکام (ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان) کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کے دوران بین الصوبائی اسمگلر کو گرفتار کر لیا اور بڑی مقدار میں نان کسٹم پیڈ (NCP) چھالیہ برآمد کر لی۔
کارروائی کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روکا گیا، جس میں بھاری مقدار میں اسمگل شدہ چھالیہ کراچی لائی جا رہی تھی۔ پولیس نے موقع پر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت عبداللہ شاہ ولد صاحب خان کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے قبضے سے 10 بوریاں نان کسٹم پیڈ چھالیہ (تقریباً 120 کلوگرام) برآمد ہوئیں، جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی نمبر AVB-473 (Coure) بھی تحویل میں لے لی گئی۔
ملزم اور برآمد شدہ چھالیہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
