
کراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) تھانہ سپر مارکیٹ پولیس نے ندی کنارے، نزد چونا ڈپو سی ایریا لیاقت آباد کے قریب اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پولیس مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت بلال احمد عرف بالی ولد سلیم احمد اور سلمان ولد نسیم کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول بمعہ 2 اور 3 زندہ راؤنڈ، چھینے گئے دو بٹوے (جن میں بالترتیب 2000 اور 1500 روپے نقدی اور مدعیان کے شناختی کارڈز شامل ہیں) اور ایک موٹر سائیکل نمبر KLV-0429 (یونیک، سیاہ رنگ) برآمد کر لی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ایک برآمد شدہ بٹوا مقدمہ نمبر 226/26 بجرم دفعات 392/397/34 تعزیراتِ پاکستان میں مطلوب تھا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات نمبر 227/26 بجرم دفعات 392/397/353/324/34 تعزیراتِ پاکستان اور مقدمات نمبر 228/26 و 229/26 بجرم دفعہ 23(1)A سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کر لیے ہیں۔
مزید تفتیش میں انکشاف ہوا کہ بلال احمد عرف بالی عادی مجرم ہے اور اغواء برائے تاوان، چوری اور پولیس مقابلے سمیت متعدد مقدمات میں ملوث رہا ہے، جبکہ بطور انڈر ٹرائل قیدی (UTP) بھی ریکارڈ پر موجود ہے۔ ملزم سلمان کا بھی سابقہ کرمنل ریکارڈ موجود ہے۔
پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔
