
سرگودہا(رپورٹ بیورو)سرگودہا شہر میں 28 صفر المظفر کا مرکزی عزاداری جلوس امام بارگاہ بلاک نمبر 7 سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس میں شریک عزاداروں کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل جلوس میں موجود رہیں اور ریونیو عملہ، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کے ہمراہ انتظامات کی براہِ راست نگرانی کررہی ہیں۔ جلوس کے راستوں پر پانی کی سبیلیں اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انتظامیہ کے مطابق جلوس کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ میڈیکل کیمپس اور ایمبولینسز بھی موجود ہیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ عزاداروں کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور ہر ممکن سہولت یقینی بنائی جائے۔
