منڈی بہاءالدین: غیر قانونی پٹرول بم ایجنسیاں پھر سرگرم
منڈی بہاوالدین ( میاں شریف زاہد )
ضلع منڈی بہاءالدین میں ڈپٹی کمشنر اور سول ڈیفنس کی جانب سے غیر قانونی پٹرول بم ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد ایجنسیاں ختم کر دی گئیں تھیں، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ شہر سے باہر اور دیگر علاقوں میں یہ دھندہ تاحال بدستور جاری ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق کچھ ایسی ایجنسیاں بھی ہیں جنہیں سیل کرنے کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان ایجنسیوں کو کس کے کہنے پر دوبارہ چلنے کی اجازت دی گئی؟ یہ عمل کیوں کیا گیا؟ اور کیسے ممکن ہوا کہ انتظامیہ کی کارروائی کے باوجود دوبارہ ان ایجنسیوں کے دروازے کیسے کھل گئے؟
یہ صورتحال نہ صرف قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے بلکہ عوامی جان و مال کے لیے بھی شدید خطرہ بن چکی ہے۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے۔
