حیدرآباد 26 اگست (رپورٹ عمران مشتاق) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر -II صبا کلوڑ کی زیر صدارت آج شہباز ھال میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ اینڈ اینٹی بانڈڈ لیبر مانیٹرنگ اینڈ امپلیمینٹیشن کمیٹی اور ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے چائلڈ پروٹیکشن کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں محکمہ پولیس، ایس ایس پی آفیس ہیومن رائٹس سیل، نادرا، ویمن ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ، لیبر ڈپارٹمنٹ، سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اینٹوں کے بھٹوں کا مشترکہ دورہ کیا جائے گا تاکہ رجسٹرڈ بھٹوں کی تفصیلات، مزدوروں کی تعداد اور ان کے مسائل کا جامع ریکارڈ مرتب کیا جاسکے۔ مزدوروں کے قومی شناختی کارڈ بنائے جائیں گے جبکہ ان سے متعلقہ مسائل، خصوصاً چائلڈ لیبر، خواتین کو ہراسانی کے معاملات، مزدوروں کے مسائل اور دیگر مقدمات متعلقہ محکموں کو رپورٹ کیے جائیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II صباء کلوڑ نے کہا کہ ریفرل میکنزم کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ متاثرہ افراد کے کیسز کو بروقت متعلقہ اداروں تک پہنچایا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی جائے اور تمام اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ اجتماعی کاوشوں کے ذریعے مؤثر نتائج حاصل ہوں۔
