
سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فوکل پرسن سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی زیر صدارت کوٹری ڈاؤن اسٹریم کی صورتحال کے حوالے سے حیدرآباد میں اہم اجلاس
سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی وزیر اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر اور فوکل پرسن ڈائون اسٹریم کوٹری بئراج برائے سیلابی امور سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی زیر صدارت حیدرآباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں منتخب عوامی نمائندے جن میں پیپلزپارٹی ڈویژن صدر عاجز دھامراہ، صادق علی میمن ایم این اے، طارق علی شاہ جاموٹ ایم این اے، جبار خان ایڈوائزر ٹو سی ایم، اور ڈاکٹر سکندر علی شورو ایم پی اے شامل تھے، جبکہ تنویر حیدر شاہ شیرازی، مدد علی شاہ کاظمی اور غلام نبی عرف نبی ببر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیف انجینئر کوٹری بیراج، کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی، ڈی سی حیدرآباد، ایریگیشن ڈپارٹمینٹ کے افسران، سپرنٹنڈنگ انجینئر بگھار سرکل اور ایگزیکٹو انجینئرز سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں کوٹری ڈاؤن اسٹریم کی صورتحال، حفاظتی انتظامات اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور تمام ادارے الرٹ رہیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
