
(رپورٹ عمران مشتاق)انسانی حقوق کی مؤثر طریقے سے حفاظت کے لئے ڈویژن کی سطح پر دفاتر قائم کئے جارہے ہیں۔ راجویر سنگھ سوڈھا
حیدرآباد ، 30 اگست 2025:
ڈائریکٹوریٹ آف محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ نے انسانی حقوق کے ایکٹ 2011 اور اس سے متعلقہ قواعد/ضوابط کے تحت اپنے قانونی مینڈیٹ کی پیروی میں حیدرآباد ڈویژن کے لئے قاسم آباد میں اپنے علاقائی دفتر کا باضابطہ افتتاح کردیا ہے۔ اس دفتر کے قیام کا مقصد ڈویژنل سطح پر انسانی حقوق کی پامالی کو روکنا، اس کا ازالہ کرنا اور انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کے نفاذ کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیر اعلی سندھ کے انسانی حقوق کے مشیر راجویر سنگھ سوڈھا نے دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے آئینی ضمانتوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے حکومت سندھ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھا نے حیدرآباد، میرپور خاص اور شہید بےنظیر آباد ڈویژن کی این جی اوز کے نمائندوں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا اور یہ یقین دہانی کرائی کہ انسانی حقوق کی شکایات کو نئے قائم کردہ علاقائی سیٹ اپ کے ذریعے تیزی سے حل کیا جائے گا۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ علاقائی دفتر میرپورخاص کا افتتاح جلد ہی کیا جائے گا۔ اس کے بعد اضافی ڈویژنل دفاتر قائم کئے جائیں گے اور اس طرح صوبائی سطح پر انسانی حقوق کے موثر تحفظ کو بہتر بنایا جا سکے گا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ آغا فخر حسین نے میڈیا کو بتایا کہ یہ دفتر ڈائریکٹوریٹ کے ڈویژنل مرکز اور ریجنل ریسورس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (آر آر سی) کے طور پر کام کرے گا جس سے سول سوسائٹی کی تنظیموں، غیر سرکاری اداروں اور متعلقہ سرکاری اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہم آہنگی کی سہولت میسر آ سکے گی۔
