حیدرآباد، 31 اگست ( رپوٹ مجاھد عزیز )، سیکریٹری زراعت سندھ محمد زمان ناریجو نے آج ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن کے دفتر کا دورہ کیا اور سندھ میں موجودہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں محکمہ کی جانب سے Contingency Plan 2025 for Flood and Rain Emergency in Sindh Province پیش کیا گیا۔
ڈی جی ایگریکلچر ایکسٹینشن منور احمد جمانی نے اجلاس میں پلان پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ہر متعلقہ ضلعے انتظامیہ کے ساتھ مل کر سندھ کے ہاریوں، فصلوں اور دیہی آبادی کو سیلاب اور بارشوں کی ہنگامی صورتحال میں تحفظ فراہم کرنا ہے۔ پلان میں مختلف اقدامات شامل ہیں جن میں سندھ کے ہر ضلع میں زرعی عملے اور ٹیکنیکل ٹیموں کی تعیناتی، اسپرے پمپ اور ادویات کی فراہمی، جانوروں کے لیے چارہ اور ویکسینیشن کی سہولت، ایمرجنسی ہیلپ ڈیسک کا قیام اور آگاہی مہم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہر ضلع میں فوکل پرسن مقرر کر دیئے گئے ہیں جبکہ ایمرجنسی رابطہ کے لیئے نمبرز بھی جاری کیئے گئے ہیں، تاکہ متاثرہ کسانوں کو فوری رہنمائی اور سہولت میسر آ سکے۔
سیکریٹری زراعت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کے ساتھ بروقت رابطہ اور تکنیکی رہنمائی نہایت ضروری ہے تاکہ انہیں فصلوں اور مال مویشیوں کے تحفظ کے لیے درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران پوری ذمہ داری اور چوکسی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں اور متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں۔
اجلاس کے اختتام پر یہ عزم کیا گیا کہ ہاریوں اور دیہی آبادی کے رہاشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، عملی تیاری اور فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید معلومات اور کسانوں کی مدد کے لیے ایگریکلچر ایکسٹینشن ڈپارٹمنٹ کا ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر 03111646111 پر دستیاب ہے۔
