

سرگودہا (رپورٹ بیورو) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کوٹمومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مسلسل متحرک ہیں اور ساتویں روز بھی فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ آج سہ پہر انہوں نے مڈھ رانجھا کی سیلاب سے متاثرہ مرکزی سڑک کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ہائی ویز اور ضلعی انتظامیہ کی دن رات کی کاوشوں سے سڑک مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ مرکزی سڑک کی بحالی سے مقامی آبادی کو آمد و رفت میں بڑی سہولت میسر آ گئی ہے اور امدادی کارروائیوں میں بھی تیزی آ گئی ہے۔
بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر محمد وسیم نے مڈھ رانجھا اور دیگر متاثرہ علاقوں میں قائم فیلڈ ہپستال ، عارضی ہپستالوں اور ریلیف کیمپوں کا تفصیلی معائنیہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کی رجسٹریشن، علاج معالجے اور دستیاب ادویات و سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ ہر متاثرہ خاندان تک ریلیف پہنچایا جا سکے۔ بحالی کے تمام اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جا رہے ہیں جبکہ سیلاب متاثرین کو خوراک، صاف پانی، طبی امداد اور جانوروں کے لیے چارے کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریلیف کیمپوں میں متاثرہ خاندانوں کی رہائش، کھانے پینے کی فراہمی اور علاج معالجے کی تمام سہولیات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
ساتویں روز بھی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پاک فوج ،پولیس، ہائی ویز، لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت اور دیگر ادارے کوٹمومن کے متاثرہ علاقوں میں دن رات ریلیف اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ افسران موقع پر موجود رہ کر آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
