منڈی بہاوالدین ( میاں شریف زاہد ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پرمنڈی بہاؤالدین کے سیلاب متاثرین کو ریسکیو سروسز کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر قیادت اور ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر انجینئیر عمران خان مانگٹ کی نگرانی میں ریسکیو 1122 منڈی بہاؤالدین کے تمام جوان اور افسران سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں 9بوٹنگ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، جہاں 65ریسکیورز اور 56رضاکار متاثرہ لوگوں کو ریسکیو کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ اسی طرح 4ایمرجنسی گاڑیاں، 300 لائف جیکٹس اور 80 لائف رنگز بھی سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے موجود ہیں۔ 27اگست سے لے کر 4 ستمبر تک ضلع منڈی بہاؤالدین کے سیلاب زدہ علاقوں میں مجموعی طور پر 369ریسکیو آپریشن کئے گئے ہیں، جن میں 451فیملیز کے 3 ہزار 763 افراد کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے ریسکیو کر کے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔ جب کہ 1 ہزار 29 افراد کو ٹرانسپورٹیشن کی سہولت فراہم کی گئی ۔ منڈی بہاؤالدین کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے 1 ہزار 833 جانوروں کو بھی ریسکیو کر کے امدادی کیمپوں تک منتقل کیا گیا جہاں محکمہ زراعت توسیع منڈی بہاؤالدین کے زیر اہتمام چارہ اور ونڈہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینیئر عمران خان مانگٹ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین سیلاب کو ریسکیو کرنے کا عمل تسلسل سے جاری رہے گا۔