منڈی بہاوالدین ( میاں شریف زاہد ) شہر کے قدیمی گیٹوں کو توڑ کر نئے گیٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ سست روی کا شکار ہوگیا ہے۔ تعمیراتی کام میں ٹھیکیدار کی غفلت اور ناقص حکمتِ عملی نے عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ وارڈ نمبر پانچ، امام بارگاہ اور قریبی محلے میں سیوریج لائن نہ ڈالنے کی وجہ سے گٹر اور نالیوں کا گندا پانی گھروں کے سامنے اور گلیوں میں جمع ہو چکا ہے۔ مکینوں کے مطابق یہ صورتحال ڈینگی مچھروں کی افزائش کے ساتھ ساتھ ہیضہ، ٹائیفائیڈ اور دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کا باعث بن رہی ہے۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار میونسپل کمیٹی اور مقامی انتظامیہ کو شکایات درج کروا چکے ہیں، تاہم تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ اس غفلت پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔مقامی لوگوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کو پابند بنایا جائے کہ سیوریج لائن مکمل کر کے گندے پانی کی نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے رہائیشی گندے پانی اور اس سے پھیلنے والی موزی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔