سندھ کے تعلیمی اداروں میں سگریٹ اور نکوٹین مصنوعات پر مکمل پابندی
کراچی (سٹی اڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم)
حکومتِ سندھ نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں سگریٹ، ویپ، ہیٹڈ ٹوبیکو پروڈکٹس اور نکوٹین پاؤچز سمیت ہر قسم کی تمباکو اور نکوٹین مصنوعات کے استعمال اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
محکمہ تعلیم و خواندگی کے مطابق منشیات اور تمباکو نوشی کے خلاف “زیرو ٹالرنس پالیسی” اپنائی گئی ہے۔ کسی بھی ادارے یا فرد کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکومتی اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ طلبہ و طالبات کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے اس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو منفی عادات سے بچایا جا سکے۔