(رپورٹ محمد حسین سومرو)کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ڈکیتی کی بڑی واردات پیش آئی، جہاں ڈاکو بلڈر کمپنی کے رائیڈر سے 46 لاکھ روپے سے زائد چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی رپورٹ سیلز منیجر کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے، جس میں سیلز منیجر نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ واردات میں رائیڈر اور ڈرائیور کی ملی بھگت ہوسکتی ہے، جس پر دونوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق رائیڈر نے بتایا کہ تین نامعلوم ملزمان دو موٹرسائیکلوں پر آئے اور واردات کی، ملزمان رائیڈر سے 46 لاکھ روپے لوٹ کر لے گئے جبکہ سیٹ کے نیچے رکھے جانے کی وجہ سے 19 لاکھ 80 ہزار روپے بچ گئے، کمپنی کی ایس او پی کے مطابق بغیر سیکیورٹی گارڈ کے اتنی بڑی رقم لے جانا منع ہے، تاہم رائیڈر اور ڈرائیور نے سیدھا راستہ چھوڑ کر متبادل راستے اختیار کیے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور رائیڈر و ڈرائیور سے تفتیش جاری ہے ۔