(رپورٹ عمران مشتاق)سندھ حکومت نے حیدرآباد میں ماڈل ہیومن رائٹس ریسورس سینٹر قائم کردیا۔
حیدرآباد، 22 ستمبر (ہ آ)،
وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق کی ہدایات پر، محکمہ انسانی حقوق حکومتِ سندھ نے اپنے ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس کے ذریعے حیدرآباد ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ہیومن رائٹس ریسورس سینٹر (HRRC) قائم کیا ہے۔ یہ ماڈل اقدام انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے حکومت اور سول سوسائٹی کے درمیان روابط اور شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ہیومن رائٹس ریسورس سینٹر ایک ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جہاں انسانی حقوق پر کام کرنے والی این جی اوز، آئی این جی اوز، سی بی اوز اور یونین کونسل سطح کی تنظیموں کی رجسٹریشن اور ریکارڈ رکھا جائے گا۔ یہ مرکز حکومت اور غیر سرکاری اسٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط اور سہولت کاری مشترکہ کوششوں سے آگاہی مہمات اور ہیومن رائٹس ڈیفینڈرز پروگرام میں معاونت فراہم کرے گا۔ اس کے ذریعے شفافیت، رسائی اور مؤثر شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا جو صوبائی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے وعدوں کے مطابق ہوگا۔
یہ مرکز مشترکہ طور پر چلایا جائے گا جس کے لیے ایک سرکاری فوکل پرسن ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس کی جانب سے اور ایک این جی او فوکل پرسن نمایاں سول سوسائٹی تنظیم کی جانب سے نامزد کیا جائے گا تاکہ مؤثر تعاون اور مشترکہ ملکیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ڈائریکٹوریٹ اس مقصد کے لیے دفتر اور انتظامی معاونت فراہم کرے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیومن رائٹس آغا فخر حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کا ریسورس سینٹر ایک ماڈل منصوبے کے طور پر کام کرے گا، جسے آئندہ مرحلوں میں تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز بشمول لاڑکانہ، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور سکھر میں قائم جائے گا۔