(رپورٹ ای این آئی)پاکستان کے نوجوان باکسر سمیر خان نے یو بی او یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ چیمپئن شپ جیت کر پہلی بار پاکستان کو ٹائٹل دلوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق یو بی او یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ چیمپئن کے فائنل میں پاکستانی باکسر نے روایتی حریف بھارت کے بنٹی سنگھ کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 52 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستانی نوجوان کھیل کے آغاز سے ہی بھارتی کھلاڑی پر حاوی رہا اور تابڑ توڑ حملے کرکے اسے شکست دی۔
میچ کے آغاز میں سمیر خان نے طیارہ گرا کر 6-0 کا اشارہ دیا تو بھارتی باکسر نے اُس کو دھکا دیا، جس کا بدلہ سمیر خان نے باکسنگ رنگ میں لیتے ہوئے اُس کو شکست دی۔
سمیر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مقابلے میں فتح پر اللہ کا شکر ادا کیا جب کہ اس تاریخی کامیابی پر انہیں مداحوں کی جانب سے مبارکباد بھی دی گئی۔ سمیر خان کے مطابق پاکستان نے پہلی بار یو بی او یوتھ ورلڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی۔
سمیر خان نے بھارت کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کو اسپانسر کرنے پر میکڈونلڈز پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ میں انشاء اللہ ثابت کروں گا کہ میں پاکستان اور پوری دنیا کا بہترین فائٹر ہوں۔