سرگودہا(رپورٹ بیورو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں معاونِ خصوصی برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹی مینجمنٹ سلمہ بٹ کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس سرگودہا کے کانفرنس ہال میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل، محکمہ خوراک، زراعت، لائیو اسٹاک، مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سبزیوں، پھلوں، گوشت، دودھ اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی طلب و رسد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ زراعت اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے بریفنگ دی گئی کہ سرگودہا میں سبزیوں اور پھلوں کی ترسیل و دستیابی تسلی بخش ہے۔ معاونِ خصوصی سلمہ بٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرائس کنٹرول کے نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی سطح پر ناجائز منافع خوری یا مصنوعی مہنگائی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مارکیٹوں کے باقاعدہ دورے جاری رکھیں، نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کروائیں، اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔ سلمہ بٹ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر منڈیوں میں اشیاء کی سپلائی، طلب اور معیار کی روزانہ نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔