(رپورٹ عمران مشتاق)حیدرآباد میں وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پروگرام کہ تحت پوزیشن ہولڈر طلبہ میں الیکٹرک اسکوٹرز اور اعزازات کی تقسیم حیدرآباد میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اشتراک سے حیدرآباد کی مقامی ہوٹل میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں متعلقہ بورڈز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے دو دو اعلیٰ پوزیشن ہولڈر طلبہ کو الیکٹرک اسکوٹرز دیے گئے۔ یہ ماحول دوست اسکوٹرز انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ، وزارت صنعت و پیداوار پاکستان کی جانب سے وزیراعظم پاکستان میاں شھباز شریف کے خصوصی پروگرام کے تحت فراہم کیے گئے ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی تھے جنہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان باصلاحیت طلبہ کی کاوشوں اور کامیابیوں کے اعتراف کا دن ہے جنہوں نے اپنی محنت، لگن اور ثابت قدمی سے اپنے اداروں اور والدین کا نام روشن کیا۔
کمشنرحیدرآباد فیاض حسین عباسی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شھباز شریف کی جانب سے ٹاپ پوزیشن ہولڈر طلبہ کو اسکوٹرز دینے کا اقدام نہ صرف ان کی علمی کارکردگی کا اعتراف ہے بلکہ یہ تعلیم، خود انحصاری اور ماحول دوستی کے فروغ کی علامت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب طلبہ ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں، جنہوں نے اپنے عزم و قابلیت سے دوسروں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کے اساتذہ کی محنت، والدین کی دعاؤں اور تعلیمی اداروں کے عزم کا نتیجہ ہے، جو معاشرے میں قابلیت اور میرٹ کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہیں۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا یہ اقدام نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزائی کا بہترین ذریعہ ہے، جو نہ صرف تعلیم کے فروغ بلکہ تعلیمی رسائی اور بااختیار طلبہ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
چیئرمین بینظیر آباد بورڈ نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ کی کامیابی ایک نئے تعلیمی سفر کی شروعات ہے جو سیکھنے، خدمت اور قومی ترقی کے جذبے سے آگے بڑھے گا۔
چیئرمین میرپورخاص بورڈ علمدار حسین نے کہا کہ جب یہ طلبہ اپنی اسکوٹرز پر سفر کریں گے تو یہ سواری انہیں ہمیشہ اس بات کی یاد دلائے گی کہ وہ اپنی علم و محنت سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے ذمہ دار ہیں۔
تقریب میں چانسلر اسرا یونیورسٹی ڈاکٹر حمید اللہ قاضی، وائس چانسلر ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی، انجینئر الطاف حسین فوکل پرسن انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ سمیت اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کی نظامت پروفیسر ڈاکٹر غلام علی برڑو اور شعیب شیخ نے کی۔
تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈر طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی گئی، جبکہ فوکل پرسن انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ انجینئر الطاف حسین نے مہمانان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ نوجوان نسل کو جدید اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملتی ہے۔