حیدرآباد (رپورٹ عمران مشتاق) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے بحالیات گیانچند ایسرانی نے ریسکیو 1122 حیدرآباد اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن، ٹریننگ اینڈ ایچ آر سردار علی شاہ، ایمرجنسی آفیسر روشن علی مہیسر سمیت دیگر ریسکیو افسران نے صوبائی مشیر کا پرجوش استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔اس موقع پر چاک و چوبند ریسکیو دستے نے سلامی پیش کی، جس کے بعد صوبائی مشیر نے اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات، بشمول کنٹرول روم، ایمرجنسی وہیکل اور ریسکیو سامان ڈسپلے ایریا کا معائنہ کیا۔ایمرجنسی آفیسر روشن علی مہیسر نے صوبائی مشیر کو ریسکیو آپریشنز، جدید آلات، ٹریننگ سسٹم اور ایمرجنسی رسپانس میکنزم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے سیلاب، ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ٹیم ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ صوبائی مشیر گیان چند ایسرانی نے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 نے سندھ بھر میں عوامی خدمت کی شاندار مثال قائم کی ہے خصوصاً سیلاب جیسے مشکل حالات میں جس جذبے سے خدمات انجام دی گئیں وہ قابلِ تحسین ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ ریسکیو سروس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ریسکیو 1122 مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ دورے کے اختتام پر صوبائی مشیر نے اسٹاف کے ہمراہ یادگاری تصویر بنوائی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی، محنت اور نظم و ضبط کو سراہا۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے بحالیات گیانچند ایسرانی نے پی ڈی ایم اے ویئر ہاؤس جامشورو کا بھی تفصیلی دورہ کیا، انہوں نے ہیومنٹرین ریسپانس فیسلٹی سینٹر پر موجود امدادی اشیاء کا معائنہ کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالحفیظ جتوئی نے صوبائی مشیر کو اسٹاک، ڈسٹری بیوشن سسٹم اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ویئر ہاؤس 10 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں 5 ایکڑ رقبہ استعمال میں ہے، ویئر ہاؤس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال یا آفت کے لیے امدادی اشیاء موجود ہیں، 22 گوڈائون اور کولڈ اسٹوریج ہیں، مشینری کے لیے مزید شیڈز کی ضرورت ہے، اس موقع پر گیانچند ایسرانی نے کہا کے ویئر ہاؤس میں تمام بنیادی سہولیات جلد مہیا کی جائیں گی، بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے سولر سسٹم نصب کرنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ تمام ویئر ہاؤسز کے دورے کرکے امدادی اشیاء کا معیار دیکھوں گا، پارٹی قیادت اور وزیر اعلئ کے احکامات پر عوام کی بھرپور خدمت جاری ر ہے گی۔