تھانہ پھلیلی کے قتل کے مقدمہ میں ملوث مرکزی ملزم پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار — قتل میں استعمال شدہ اسلحہ اور فوتی کا سامان برآمد
(رپورٹ عمران مشتاق)
تھانہ پھلیلی کے علاقے گُل شاہ بخاری روڈ، مکرانی پارہ کے قریب 13 اکتوبر 2025 کی رات ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص منیب ولد مختیار احمد عباسی کو قتل کردیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پھلیلی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی عمل میں لائی اور مقتول کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرایا۔
مقتول کی والدہ زرینہ زوجہ مرحوم مختیار احمد عباسی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 180/2025 بجرم دفعہ 302 تعزیراتِ پاکستان درج کیا گیا۔ دورانِ تفتیش مدعیہ نے اپنے مزید بیان میں ملزم گل زمان ولد بابو مکرانی ساکن مکرانی پاڑہ پر اپنے بیٹے کے قتل کا الزام عائد کیا۔
ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے جدید تکنیکی ذرائع اور مخبروں کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کی۔ آج مورخہ 15 اکتوبر 2025 کو پولیس نے اطلاع ملنے پر جڑیل شاہ کالونی قبرستان کے قریب ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ملزم گل زمان مکرانی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا پسٹل، مقتول منیب کا موبائل فون اور اصل شناختی کارڈ برآمد کر لیا گیا۔
ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ایل ایم سی اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف علیحدہ زیل مقدمات درج کر لیے ہیں:
مقدمہ نمبر 181/2025 بجرم دفعہ 324، 353، 34 تعزیراتِ پاکستان (پولیس پر فائرنگ و مزاحمت)
مقدمہ نمبر 182/2025 بجرم دفعہ 25-A سندھ آرمز ایکٹ (غیر قانونی اسلحہ برآمدگی)
مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے واقعہ میں ملوث ملزم کی بروقت گرفتاری پر تھانہ پھلیلی پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ مقدمہ کی تفتیش ہر پہلو سے مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔