ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ ) ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل اور ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان نے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم حکومت پنجاب کے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے فرنٹ ڈیسک کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو فرنٹ ڈیسک پر تشریف لانے والے شہریوں کو دی جانے والی سروسز بارے آگاہ کیا۔ممبران قومی و صوبائی اسمبلیز نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام سے آگاہی بارے قائم رہنمائی ڈیسک پر فراہم کی جانے والی معلومات بارے دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں کے فرنٹ ڈیسک پر ٹرینڈ عملہ تعینات کیا گیا ہے جو کہ آنے والے شہریوں کی رجسٹریشن کو فوری یقینی بنا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں قرض کے حصول کے لیے 1200 درخواستیں موصول ہوئیں۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیرنگرانی قرعہ اندازی میں ضلع ننکانہ صاحب کے 117 افراد خوش نصیب قرار پائے۔ضلع کے 117 افراد کو قرض کی رقوم کی فراہمی کا عمل جاری ہے جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے ابتک 617 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے عوامی سہولت کے پیش نظر ضلع کے تینوں اسسٹنٹ کمشنرز کے آفسز میں بھی خصوصی طور پر رہنمائی ڈیسک قائم کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے ، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔انہوں نے حکومت پنجاب کے پروگرام کی اہلیت بارے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اہلیت کیلئے ضروری ہے کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق درخواست گزار نیوکلئس خاندان کا سربراہ ہے ، درخواست دہندہ اپنے CNIC کے مطابق پنجاب کا مستقل رہائشی ہے۔درخواست دہندہ پنجاب میں کہیں بھی شہری علاقوں میں 1 سے 5 مرلہ اور دیہی علاقوں میں 10 مرلے تک کی رہائشی اراضی کا واحد مالک ہو۔انہوں نے بتایا کہ درخواست دہندہ کا مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے اور ریاست مخالف، غیر سماجی سرگرمیوں اور گھناونے جرائم وغیرہ کے لیے سزا یافتہ نا ہو۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ درخواست گزار کسی مالیاتی ادارے/بینک وغیرہ کا قرض نا دہندہ نہیں ہونا چاہیے ، درخواست دہندہ 60 یا اس سے کم پی ایم ٹی سکور والے ہاوس ہولڈ میں نیشنل سوشیو-ایکو نامک رجسٹری (NSER) کے ساتھ رجسٹرڈ ہے۔ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب پہلے مرحلے میں پنجاب کے 70 ہزار خاندانوں کو گھر کی تعمیر کیلئے 15 لاکھ تک کا بلاسود قرضہ فراہم کر رہی ہے جبکہ قرض 7 سال کی اقساط میں ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب پہلے 3 ماہ کوئی قسط نہیں لے گی اور حکومت کی جانب سے ماہانہ قسط 14 ہزار روپے مقرر کی گی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ”اپنی چھت……اپنا گھر“ میں رجسٹریشن کیلئے پورٹل بھی لانچنگ کیا ہے۔جس پر شہری آن لائن اپلائی کرسکیں گے جبکہ شہری ہیلپ لائن نمبر.0800-09100پر کال بھی کرسکتے ہیں۔